اسلام آباد: (عدیل وڑائچ) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران بیک ڈور رابطوں کے معاملے پر صدر عارف علوی کی جانب سے مصالحہ کردار کی کوششیں ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف اور اعلیٰ حلقوں کے درمیان بیک ڈور رابطے ہو رہے ہیں، تاہم مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ان رابطوں کی تردید کر دی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بھی بیک ڈور رابطوں کی تردید کے باوجود کہا تھا کہ اگر کسی نے الیکشن کے معاملے پربات کرنی ہے تو اس کے لیے میں نے اختیار صدر عارف علوی کو دیا ہوا ہے۔اس حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی کی جانب سے مصالحانہ کردار کی کوششیں ایک مرتبہ پھر کامیاب نہ ہو سکیں، عارف علوی کے ذریعے ہونے والے رابطے بے نتیجہ ختم ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مصالحانہ کوششوں کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ عمران خان کی روزانہ کی بنیاد پر کنٹینر پر ہونے والی گفتگو ہے۔ صدر کی حالیہ کاوش کے دوران عمران خان یا کوئی دوسرا رہنما براہ راست حصہ نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل صدر مملکت کے ذریعے ہونے والے رابطوں میں عمران خان خود موجود ہوتے تھے۔