لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان پر حملے کے مقدمے کیلئے سپریم کورٹ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ رجسٹری میں آئینی درخواست دائر کر دی جس میں نامزد ملزمان کے نام شامل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے درخواست ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ اعجاز گورائیہ کے پاس جمع کروائی، ڈپٹی رجسٹرار نے تحریک انصاف کی آئینی درخواست وصول کر کے درخواست کا ڈائری نمبر فراہم کر دیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست دائر کی ہے، سپریم کورٹ ان معاملات پر سوموٹو نوٹس لیکر کاروائی کرے۔
پی ٹی آئی نے مختلف واقعات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بھی درخوات دائر کر دی، درخواست پر 26 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے دستخط موجود ہیں۔
جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان پر حملہ، اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو اور ارشد شریف کے قتل کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں، اب تمام واقعات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائے۔