اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے باعث اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش کیخلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں تاجروں کی پی ٹی آئی دھرنے کے باعث سڑکوں کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ موٹر وے وفاقی حکومت کے ماتحت آتی ہے حکومت موٹر وے کیوں نہیں کھلواتی، پارلیمنٹ کے سامنے بھی احتجاج ہوتا ہے پھر آپ وہ کیوں بند کرتے ہیں، پورے اسلام آباد میں کنٹینر ایسے پڑے ہیں جیسے کوئی اور حالات ہوں، اچھی سی اینٹی رائیٹس فورس کیوں نہیں بناتے کنٹینر کیوں لگاتے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ امن و امان صوبائی حکومت کا معاملہ ہے اس لئے بند ہوتا ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد سے دھرنوں اور راستوں کی بندش سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔