اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ڈبلیو ایف پی کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کائے نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔
انہوں نے سیلاب 2022 کے دوران غذائی عدم تحفظ کی صورتحال اور غذائی تحفظ کے انتظام کے لئے آگے بڑھنے کے طریقے پر تبادلہ خیال کیا تاکہ کمزور کمیونٹیز کو موسمیاتی آفات سے بچایا جا سکے۔
کرس کائے نے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر خوراک، نقد رقم، غذائیت اور روزگار کی فراہمی کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ڈبلیو ایف پی کے امدادی آپریشن پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایف پی نے اپنے پروگرام کو ترجیحی علاقوں کی نشاندہی، فوڈ چین پروگرام کے نفاذ اور تکنیکی عملے کے لئے تربیتی پروگراموں کے ساتھ سہولت مراکز کے قیام میں مدد کے لئے ترتیب دیا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے لاجسٹک سپورٹ، خوراک اور غذائیت کی فراہمی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مدد کے ذریعے ڈبلیو ایف پی کی انسانی ہمدردی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کنٹری ڈائریکٹر کی بصیرت سے اتفاق کیا کہ ہنگامی امداد قلیل مدت میں بھوک کو روکتی ہے تاہم پاکستان میں غذائی عدم تحفظ کو صرف بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے مناسب سرمایہ کاری اور موسمیاتی بحران کے فرنٹ لائن پر کمیونٹیز کی لچک پیدا کرنے میں مدد کے ذریعے ہی بامعنی طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں فوڈ چین کی نقشہ سازی اور مالیاتی حفاظتی پروگرام کے ذریعے سب سے کمزور طبقے کے تحفظ کے لئے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔