اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے خادم الحریمین شریفین شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کو سردیوں سے بچانے کے لیے خصوصی منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امدادی منصوبے کے تحت متاثرین میں رضائیاں، گرم کپڑے اور چادریں تقسیم کی جائیں گی۔ رواں سال غیر معمولی طور پر تیز مون سون بارشوں کی وجہ سے آنے والے جان لیوا سیلاب نے پاکستان میں تین کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے۔ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہنگامی امداد کی فراہمی شروع کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ونٹر پیکیج کے تحت 14 اضلاع بشمول گانچے، سکردو، نگر، ستور، غزر، چترال، سوات، اپر دیر، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، دادو، جامشورو اور قمبر شہداد کوٹ میں امدادی سامان تقسیم کیا جا ربا ہے۔ یہ منصوبہ مملکت سعودی عرب کے انسانی امداد پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جو شاہ سلمان انسانی امداد کے پروگرام اور ریلیف سینٹر کے اشتراک سے پاکستان کے سرد ترین علاقوں میں رہنے والے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کرے گا۔
ونٹر پیکیج میں 50000 رضائیاں اور 25000 ونٹر کٹس بیں جن میں مردانہ و زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل بیں۔ امدادی سامان کے ذریعے 175000 افراد مستفید ہوں گے۔ کنگ سلمان سینٹر کا یہ ریلیف پیکیج این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کی مدد سے شفاف طریقے سے تقیسم کیا جائے گا۔