حناربانی کھر کی افغان نائب وزیراعظم، وزیرخارجہ سے ملاقاتیں

Published On 29 November,2022 06:02 pm

کابل: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرمملکت خارجہ امور حناربانی کھر نے افغانستان کی عبوری حکومت کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

وزیرمملکت خارجہ امور حناربانی کھر افغانستان کے دورے پر کابل پہنچیں تو افغان عبوری حکومت کے نائب وزیراقتصادی امورعبدالطیف اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے خیرمقدم کیا۔

حنا ربانی کھرنےافغانستان کی عبوری حکومت کے نائب وزیراعظم مولوی عبدالسلام حنفی اور وزیرخارجہ امیرخان متقی سے ملاقاتیں کیں۔

وزیرمملکت حناربانی کھر کی افغان وزیرخارجہ سے وفد کی سطح پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستانی سفارتکار محمود صادق بھی موجود تھے۔

افغان میڈیا کے مطابق قیدیوں کی رہائی، مسافروں کیلئےسفرمیں آسانی، تجارت، ٹرانزٹ، تاپی، ٹی اےپی اور ریلوےلائن کے منصوبوں، سیاسی تعلقات، سیکیورٹی اور اقتصادی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حنا ربانی کھر کی کابل میں ویمن چیمبر آف کامرس سے ظہرانے پر ملاقات

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے دورے کے دوران ویمن چیمبر آف کامرس سے ظہرانے پر ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت نے معاشرے میں خواتین کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کی کاروباری خواتین کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاکستان خواتین کے کاروبار کے ذریعے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد کو خصوصی ترجیح دے گا۔

Advertisement