اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے تیل اور گیس کی تلاش کے 11 منسوخ لائسنسوں کی بحالی اور تاجکستان کے ساتھ راہداری تجارت کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے دوران رواں سال آنے والے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے تخمینہ (پی ڈی این اے ) کی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو و بحالی کے منصوبہ کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
پی ڈی این اے وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی نے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، اقوام متحدہ، تمام صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان، حکومت آزاد جموں وکشمیر، سول سوسائٹی، اکیڈمیہ اور این جی اوز کے ساتھ مل کر ترتیب دیا ہے۔ اس اسسمنٹ کے تحت 94 اضلاع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات خصوصاً معیشت کے 17 بڑے شعبوں بشمول صحت، زراعت، صنعت، انفر اسٹرکچر، مواصلات وغیرہ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینہ پر بحث کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ سندھ کو پہنچا اور سیلاب سے پورے ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی این اے کی مدد سے درمیانی مدت سے طویل مدت منصوبہ بندی کرنے میں معاونت ملے گی تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی ازسرِنو تعمیر کی جاسکے جو کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پی ڈی این اے کے تناظر میں Resilient, Recovery Renovation and Rehablitation Plan ترتیب دیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں /ڈویژنز اور تمام صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے پی ڈی این اے کو ترتیب دینے پر وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی کی کارکردگی کو سراہا اور پلان کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی رائے ضرور لی جائے۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تجارت کی سفارش پر پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی، اس معاہدہ پر تاجکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران دستخط ہونے کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) 29 نومبر 2022 اور 2 دسمبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز (سی سی ایل سی ) کےیکم دسمبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔