اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی سینیٹ نشست بحالی کا نوٹیفکیشن جاری جبکہ نثار کھوڑو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں فیصل واوڈا کی سینیٹ کی نشست خالی ہونے کا نوٹیفکیشن واپس لیا۔ فیصل واوڈا کا سندھ کی جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہونے کا 10مارچ 2021 کا نو ٹیفکیشن دوبارہ بحال ہو گیا۔
عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے نثار کھوڑو کی سینیٹ کی نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا بحالی کے بعد سینیٹ کی نشست سےاستعفیٰ دے سکیں گے، ان کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر انتخاب کروایا جائے گا۔