لاہور: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل ہوگی، ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوان میں پیش ہوکر اپنے استعفے دیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت راولپنڈی کے ارکان اسمبلی سے ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا گیا، پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کی جائے گی، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوان میں پیش ہوکر اپنے استعفے دیں گے، ملک بھر میں جاری احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں بھی تبدیل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید کہا گیا اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہوگی، راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے دوبارہ استعفوں کے فیصلے کی توثیق کر دی۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی کی امانت ہیں، باقاعدہ طور پر عمران خان کی زیر قیادت انتخابی مہم میں جائیں گے، پی ڈی ایم حکومت کی غیر موثر پالیسیوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، پاکستان بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، معاشی اور سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ جلد شفاف انتخابات ہیں۔