لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے نیب ختم کر کے احتساب کا نیا ادارہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میرے خیال میں نیب ختم کر کے احتساب کا ایک نیا ادارہ بنانا چاہیے جب کہ موجودہ چیئرمین نیب ایماندار آدمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایک سیاہ دور تھا وہ چلا گیا، عمران خان کے سہولت کار بھی ایک ایک کر کے رخصت ہو گئے ہیں، جنہوں نے عمران خان کو زمین سے اٹھا کر جھوٹا مہاتما بنایا اب یہ ان کو گالیاں نکال رہے ہیں، نیازی کا لانگ مارچ نالہ لئی میں لینڈ کر گیا جو کہ سب نے دیکھ لیا۔
عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی پر خواجہ سعد رفیق نے ردعمل دیتے ہوئے کہا اسمبلیاں توڑنا کھیل ہے کیا؟ اس پر پیسہ لگتا ہے، انرجی لگتی ہے، الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق نے پنجاب حکومت کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لوٹ مار لگی ہوئی ہے، پہلے بزدار سرکار لوٹ مار میں مصروف رہی اب موجودہ حکومت پنجاب کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، پی ٹی آئی نے چار سال میں جو گند ڈالا وہ 8 ماہ میں صاف نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری 2013 اور 2018 کی کارکردگی کا اس کے چار سال سے موازنہ کریں، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ادارے تباہ کر دئیے گئے، ملکی خزانہ خالی ہو چکا ہے، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا ہے۔