لاہور: (دنیانیوز) رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کسی بھی ایڈونچر سے باز رہیں، تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کو کسی بھی غیر آئینی اقدام سے باز رہنا چاہیے ، اسپیکر کی رولنگ آ چکی ہے ،اعتماد کا ووٹ آج نہیں کیا جا سکتا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر راج کس قانون کے تحت لگائیں گے ، یہ نہیں لگ سکتا، پرویز الہی وزیر اعلی ہیں اور رہیں گے، ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ابھی پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 109 بالکل واضح ہے، جب تک اجلاس ختم نہ ہو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا، اسمبلیوں کی تحلیل کا کام جمعہ سے شروع ہو جائے گا، عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی ، کے پی اور پنجاب اسمبلی دونوں بیک وقت تحلیل کریں گے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ الگ الگ اسمبلیاں تحلیل نہیں کر رہے، پی ڈی ایم کا ایک ہی مقصد ہے، الیکشن سے بھاگنا، ووٹ کو عزت دو سے الیکشن سے بھاگو کا سفر تیزی سے طے کیا ہے۔