لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے میلہ مویشیاں لگا دیا ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی گندی سیاست کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رہنما تحریک انصاف میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آج سپیکر پنجاب اسمبلی نے تفصیلات بتائی ہیں، اسمبلیوں نے آئین وقانون کے تحت ہی چلنا ہے، سپیکر کے خلاف عدم اعتماد سے ہم انکاری نہیں، ہمیں معاملے کو آئین کے مطابق دیکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر صاحب کی طرف سے جو وجوہات بتائی گئیں اس سے بچگانہ حرکت نہیں ہو سکتی، گورنر نے کہا خیال کاسترو نے وزیر کا حلف لیا ہے، وزیر کا حلف لینا یہ ہماری پارٹی کا معاملہ ہے، گورنر کون ہوتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے پاس اراکین اسمبلی کی تعداد پوری ہے، عدم اعتماد کے لئے ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، آصف زرداری نے میلہ مویشیاں لگا دیا ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی گندی سیاست کر رہے ہیں، اگر سپیکر کی رولنگ سے انہیں مسئلہ ہے توعدالت چلے جائیں۔
میاں اسلم اقبال کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا صدر مملکت کے پاس مکھی اڑانے کا بھی اختیار نہیں، گورنر پنجاب کے پاس اتنا اختیار نہیں کہ اپنی ناک سے مکھی اڑا سکیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس بہت اختیارات ہے۔