لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دو صوبائی حکومتیں اپنے مفاد کیلئے نہیں گرا رہے، ملک دلدل میں پھنس چکا ہے، صاف اور شفاف الیکشن ہی بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں۔ ایک آدمی نے حکومت کو گرا کر ملک کے ساتھ دشمنی کی، قوم مجھے پچاس سال سے جانتی ہے، میرے ساتھ ملک دشمن، غداروں والا سلوک کیا گیا، ہمیں ہٹا کرچوروں کےٹولے کومسلط کیا گیا، قوم قبول نہیں کررہی۔
لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 8 ماہ بعد تاجر، ایکسپوٹرز، کسان، مزدور سمیت سب کا برا حال ہے، آج پاکستان اندھیرےکی طرف جارہا ہے، ہمیں خوف ہے اگر ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو پھر حالات سب کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔ آج ملٹری اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سمیت ہرطبقے سے کہہ رہا ہوں میری نہیں پاکستان کی جنگ ہے، یہ ان کا مسئلہ نہیں جوملک میں این آراولیکر لوٹ مارکرتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ان پاکستانیوں سےمخاطب ہوں جنہوں نےمنی لانڈرنگ نہیں کی، ان پاکستانیوں سےمخاطب ہوں جن کا جینا مرنا پاکستان ہو، آٹھ ماہ پہلے ایک آدمی نےحکومت گراکرملک کےساتھ ظلم کیا، ہمارے دورمیں چھ فیصد پرمعیشت گروتھ کررہی تھی، ہم کیوں اپنی دوحکومتیں گرانا چاہتے ہیں؟ ہمارا ملک ایک دلدل میں پھنستا جارہاہے، ملک اندھیرے کی طرف جارہا ہے، سترسالہ زندگی میں ایسے حالات کبھی نہیں دیکھےتھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اعظم سواتی کو بچوں کے سامنے برہنہ کیا گیا، اور گندی ویڈیو ان کی بیوی کو بھیجی، ہم کتنا اورگریں گے؟ ایک آدمی نے چوروں کو مسلط کرنے کا فیصلہ کیا، کیا کیا نہیں کیا جا رہا، گندی ویڈیو اور آڈیو نکل رہی ہیں، بچے ہمارے سوشل میڈیا پر گند دیکھ رہے ہیں یہ صرف اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ مجھے بلیک میل کیا جائے اور کسی طرح ان چوروں کو ہضم کر لیا جائے۔
آج پاکستانیوں کا ایک ہی مسئلہ رول آف لا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ 60 فیصد ضمانت پر ہے، ایک طرف انہوں نے پنجاب کے70 ارب دینے ہیں دوسری طرف کابینہ میں اضافہ کرتے جا رہے ہیں، ہمارے دور میں قبائلی علاقوں کو زیادہ پیسے دیئے گئے تھے، آج پاکستانیوں کا ایک ہی مسئلہ رول آف لا ہے، جب تک ہم رول آف لا کی جنگ نہیں لڑتے قوم کا کوئی مستقبل نہیں، ملک میں انصاف قائم کرنا ہوگا، انصاف کا مطلب قانون سے کوئی بھی اوپرنہیں، ہمارے نبی نے فرمایا تھا اگر طاقتور کو نہ پکڑا گیا تو قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، اعظم سواتی نے صرف ٹویٹ کیا اس پرظلم کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا میں پاکستان نے مدد کی، پہلے مالاکنڈ، وزیرستان بارڈر ایریاز، اب بنوں میں دہشت گردی بڑھتی جا رہی ہے، ضرارکمپنی کے کمانڈوز کو سلام پیش کرتا ہوں، سوال پوچھتا ہوں آج کدھر ہے ہماری فارن پالیسی؟، جس کو وزیر خارجہ بنایا وہ بیرون ممالک کے دوروں پر پونے 2 ارب خرچ کر چکا ہے، وزیر خارجہ کے بیرون ممالک کےدوروں سےپاکستان کو کیا فائدہ ہوا؟
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وزیرخارجہ ابھی تک افغانستان نہیں گئے، پاکستان نے جو باڑ لگائی اسے اکھاڑا جا رہا ہے، سارے اداروں سے بات کررہا ہوں، ایک آدمی کے فیصلے کیوجہ سے ملک میں ایک چیز بہتر نہیں ہوئی، ہمارے دورمیں دہشت گردی کنٹرول ہوگئی تھی، ہمارے دورمیں افغانستان کےساتھ بہترتعلقات تھے، قوم میں امید ختم ہونا سب سے خطرناک چیزہے۔
ملک کے قرضے بڑھتے جا رہے ہیں، ایل سیز نہیں کھل رہی
عمران خان نے کہا کہ ملک کے قرضے بڑھتے جا رہے ہیں، آج ملک میں ایل سیز نہیں کھل رہی، آگے روشنی نظر نہیں آ رہی، آج پاکستان میں امید ختم ہو گئی ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، پاکستان کی ایکسپورٹ آج گر رہی ہے، ہمارے دورمیں ریکارڈ ایکسپورٹ ہو رہی تھی، ہمارے دور میں انڈسٹریز ترقی اور آج ملک کی فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے حمایتی صحافیوں پرتشدد، ظلم کیا گیا، آخرمیں مجھے مار کر راستے سے ہٹانے کا پلان بنایا گیا، قوم نے جب چوروں کو دیکھا تو ہمارے ساتھ کھڑی ہو گئی، ضمنی الیکشن، جلسوں میں قوم نے پیغام دیا امپورٹڈ حکومت نا منظور ہے، اس ایک آدمی کوسب کچھ نظر آرہا تھا، آج 70فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں تمام مسائل کا حل شفاف الیکشن ہے، ایک آدمی فیصلہ کربیٹھا تھا عمران خان کونااہل اورپارٹی کوختم کرنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب حکومت کو پیسے نہیں دیئے، اگر قبائلی علاقوں میں پیسے خرچ نہ کیے گئے تو خدانخواستہ دوبارہ دہشت گردی شروع ہوسکتی ہے، اگردہشت گردی شروع ہوگی تو حالات پھر سب کے ہاتھ سے نکل جائیں گے، پنجاب میں مذاق کیا جا رہا ہے ہم خود اپنی دو حکومتوں کو تحلیل کرنا چاہتے ہیں۔
باہر بیٹھا مجرم نواز شریف اور زرداری الیکشن سے ڈر رہے ہیں
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ باہر بیٹھا مجرم، مفرور نواز شریف، زرداری الیکشن سے ڈر رہے ہیں، ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا اپنی چوری بچانا ہے، پہلے چوری کرتے ہیں پھر چوری بچانے پر ملک کا دگنا نقصان کرتے ہیں، نیب ترمیم کےبعد اب چوری کرنے والوں کو لائسنس دے دیا گیا، اپنے آپ کو بچانے کیلئے انہوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ چور اور ان کے ساتھی الیکشن نہیں ہونے دیں گے، ان کوملک کی کوئی فکر نہیں انہوں نے باہر بھاگ جانا ہے، اداروں سے پوچھتا ہوں کیا آپ سب اداروں کو ملک کی فکرہے یا نہیں، جن کا اسٹیک پاکستان میں ہے ان سے پوچھ رہا ہوں، ہمارا ملک تیزی سے نیچے کی طرف جا رہا ہے، جتنی جلدی ملک میں الیکشن ہوگا اتنی جلدی دلدل سےنکلنے کا موقع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا معاشی استحکام نہیں آسکتا، موجودہ حکومت پر اندرون و بیرون سرمایہ کاروں کا کوئی اعتماد نہیں، ان چوروں نے سارے ملک کو گروی رکھا ہوا ہے۔