پنجاب میں ہر چیز برائے فروخت، صورتحال کا ذمہ دار کون ہے؟ احسن اقبال

Published On 25 December,2022 09:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہر چیز برائے فروخت، صورتحال کا ذمہ دار کون ہے؟ ایوری ڈے از ناٹ سن ڈے، عمران خان صاحب! 2018 اب واپس نہیں آسکتا۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان صاحب سب آپ کی اصلیت جان چکے، آپ کرپٹ بھی ہیں اور جھوٹے بھی ، وقت آگیا ہے کہ سیاست سے باعزت ریٹائر ہوجائیں، ن لیگ نے عدم اعتماد کے ذریعے اپنا مینڈیٹ حاصل کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 میں پنجاب نے ن لیگ کو مینڈیٹ دیا، اس مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا، ن لیگ سے حکومت چرائی گئی، ن لیگ نے عدم اعتماد کے ذریعے اپنا مینڈیٹ حاصل کیا لیکن سپریم کورٹ کے متنازعہ فیصلے سے پنجاب کو دوبارہ پی ٹی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب کی انتظامی مشنری کی چولیں ہلا دی ہیں، پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو تہس نہس کر دیا گیا، عدالت میں فیصلہ آئین اور قانون کے تحت ہوتا ہے، وہ سب فریقوں کو راضی کرنے کے لئے نہیں ہوتا، پنجاب میں اس وقت جو برائے فروخت ہر چیز لگی ہوئی ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں پر کوئی چیف سیکرٹری آئی جی لگنے کو تیار نہیں ہے، ہماری عدالتیں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے دیں۔