لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے، جنوری میں مسلم لیگ (ن) پنجاب میں اپنی حکومت بنا لے گی۔
اپنے حلقہ انتخاب یونین کونسل 147 تاجپورہ میں جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ تاجپورہ میں جب بجلی کا مسئلہ انتہائی سنگین تھا اس وقت ہماری جماعت اپوزیشن میں تھی مگر ہم نے یہاں کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرایا اور اس علاقے میں سو سے زائد ٹرانسفارمرز لگائے گئے، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ ترقیاتی فنڈز کو عوام کی بنیادی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے خرچ کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج حضرت عیسی علیہ السلام اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولادت کے ساتھ ساتھ ہمارے قائد نوازشریف کا یوم پیدائش بھی ہے جو ہمارے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اقلیتی برادری ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔
ایاز صادق نے کہا کہ اگر قائداعظم محمد علی جناحؒ پیدا نہ ہوتے تو پاکستان بھی نہ بنتا، آج ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی بے لوث قیادت اور قیام و تحریک پاکستان کے لئے ہمارے بزرگوں کی دی گئی قربانیوں کے باعث ایک آزاد اور خود مختار ملک میں زندگی بسر کر رہے ہیں، اس وقت بھارت میں مودی حکومت نے اقلیتوں کا جینا محال کر رکھا ہے، بالخصوص مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے اور ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلائیں گے، آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، ہمارے قائدین بانی پاکستان کی روایات کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں اور وہ دوسروں کو عزت دینا جانتے ہیں جبکہ عمران خان نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے اور اپنے مخالفین کو برے القابات سے پکارا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کر گئے جس سے ملک میں مزید معاشی بحران پیدا ہو گیا اور انہوں نے جس وقت مختلف اشیا کی قیمتیں بڑھانی تھیں انہوں نے نہیں بڑھائیں کیونکہ انہیں پتاچل گیا تھا کہ انہیں حکومت سے نکال باہر کیا جا رہا ہے اور اس کا خمیازہ آنیوالی حکومت کو بھگتنا پڑے گا اور یہ خمیازہ آنیوالی حکومت کے ساتھ ساتھ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقہ انتخاب میں جو ترقیاتی سکیمیں اے ڈی بی سے منظور کرائی تھیں وہ چودھری پرویز الٰہی نے رکوا دی ہیں کیونکہ ان کی ترجیحات میں صرف گجرات شامل ہے، آئندہ ماہ جب ہماری پنجاب میں بھی حکومت بن جائے گی تو ہم ان ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرائیں گے، عمران خان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کے ساتھ انتہائی غیر مناسب رویہ رکھا گیا اور ان پر جعلی مقدمات درج کئے گئے اور میں نے خودان بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا۔