اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) نے پاکستان انفارمیشن سینٹرز کے زیر اہتمام کراچی سے گلگت بلتستان تک ملک بھر کے صحافیوں کے لئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز کر دیا ہے۔
پروگرام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، کراچی ، مظفر آباد اور گلگت بلتستان میں 20 سے زائد تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں جن میں 1500 کے قریب پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ نو آموز اور مڈ کیریئر صحافی حضرات کو صحافت میں جدید رحجانات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا سلسلہ نہ صرف صوبائی دارالحکومتوں بلکہ ملک کے دیگر علاقوں باالخصوص اندرون بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دور دراز علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں مقیم صحافیوں کو بھی تربیتی ورکشاپس سے مستفید ہونے کا موقع میسر آ سکے، پاکستان انفارمیشن سینٹر کی جانب سے اگلے چند دنوں میں انویسٹی گیٹو جرنلزم، ڈیجیٹل میڈیا ایتھینٹی سٹی، فیک نیوز اور ڈاکومنٹری میکنگ جیسے اہم موضوعات پر تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
تربیتی ورکشاپس میں سینئر جرنلسٹس، میڈیا امور سے متعلق ماہرین، ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹس کے فیکلٹی ممبران سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور انہیں بطور ٹرینر ان ورکشاپس میں مدعو کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد میں انفارمیشن سروس اکیڈمی میں خبروں کی صداقت، جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے تدارک کے عنوان سے مورخہ 28 اور 29 دسمبر کو دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔