کراچی: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آج بھی اِدھر ہم، اُدھر تم کے منشور پر عمل پیرا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل دیتے رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جسے ناظم اور میئر کا فرق معلوم نہیں وہ معیشت اور دہشتگردی پر لیکچر دے رہا ہے، بلاول کی ہر تقریر عوام کیلئے شغل بن جاتی ہے، پیپلزپارٹی آج بھی اِدھر ہم، اُدھر تم کے منشور پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کا جیالا ہو اور کرپٹ نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا، دونوں جماعتیں مل کر بھی عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں، کراچی کے عوام اپنے ماتھے پر پی پی کا سیاہ دھبا نہیں سجا سکتے۔
حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں صنعتیں اور معیشت منفی نہیں منافع میں تھیں، بلدیاتی الیکشن سے قبل ہی بلاول اور ان کے امیدوار الیکشن سے بھاگ جائیں گے۔