کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کے طوفان سے متاثر ہیں، مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ اس وقت عوام مہنگائی کے طوفان سے متاثر ہیں، قوم نے دیکھا 13 جماعتوں پر مشتمل ٹولہ مہنگائی مکاؤ تحریک لے کر چلا تھا، حرام کا پیسہ لگا کر ضمیروں کی منڈی لگائی گئیں، مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے،
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو بنیاد بنا کر ہماری حکومت کو ہٹایا گیا، شہبازشریف کہتے ہیں رات بھر نہیں سوتا، یہ لوگ عوام کو ریلیف دینے کو بارودی سرنگین کہتے تھے، سستا آٹا کہاں مل رہا ہے، نہیں معلوم، انہوں نے آٹے کی قیمت میں 39 فیصد کیا، ڈیزل کی قیمت میں 63 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 53 فیصد اضافہ ہوا۔
اسد عمر مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خوردنی تیل کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ ہوا، دودھ اس وقت 200 روپے کلو ہے جو کہ ایک سال پہلے 130 روپے تھا، 13 جماعتوں کے ٹولے نے کہا تھا ہم مہنگائی ختم کرنے آئے ہیں۔