حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کے فیصلہ پر عمل کریں گے: مراد علی شاہ

Published On 02 January,2023 12:38 pm

سیہون: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو ایم کا اپنا موقف ہے، الیکشن کمیشن جو فیصلہ کرے گا اس پر عمل کریں گے۔

سیہون ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق ہے اور حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو ایم کا اپنا مؤقف ہے البتہ اس حوالے سے خالد مقبول صدیقی اور گورنر کا بیان نہیں سنا، ایم کیو ایم کا موقف الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا ہے، اب الیکشن کمیشن جو فیصلہ کرے گا اس پر عمل کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معیشت میں مسائل ہیں اور ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، ہمارا امپورٹ بل بہت بڑھ گیا ہے، ہم سب کو اپنی کمر کسنا ہوگی، وزیراعظم کی طرف سے کچھ وفاقی وزراء کراچی آئے تھے جن سے ہماری میٹنگ ہوئی، مجھے یقین کے کہ وزیراعظم کے پاس تجربہ کار ٹیم ہے، معیشت کی بہتری میں صوبوں سے جو مدد چاہیے ہم بالکل حاضر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسمبلیاں کسی کی انا کیلئے تحلیل نہیں کی جا سکتیں: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ آج آصف زرداری کی صدارت میں اجلاس ہے، ایاز صادق سمیت جو بھی ہمارے اتحادی ہیں وہ سب اجلاس میں شرکت کریں گے، آصف زرداری کے ساتھ ملکی صورتحال کے بارے میں صلاح مشورے کریں گے۔
 

Advertisement