حیدرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان 15 دن کے اندر سندھ میں ڈیرہ جمانے والے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام حیدر آباد میں مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب میں رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل نے کہا کہ حیدرآباد کے لوگوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے بھرپور ساتھ دیا، عمران خان کا پیغام دینا چاہتا ہوں، پیغام یہ ہے کہ اگلے 15 دن کے اندر سندھ میں اپنا ڈیرہ جمانے والے ہیں، یہاں سے زرداری کے زرداری پن کا خاتمہ کریں گے، زرداری نے پنجاب کے بہت چکر لگائے لیکن کچھ نہ بگاڑ سکا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، 55 روپے کلو کا آٹا 155 کا ہو گیا، جدھر انتخاب ہو یہ وہاں سے راہ فرار اختیار کرتے ہیں، مرد کے بچے ہو تو میدان میں آؤ، ایم کیو ایم والے آجکل زرداری کی سواری کر رہے ہیں، یہ مل کر انتخابات ملتوی کروا رہے ہیں، ہم ایم کیو ایم لندن کو پاکستان میں ایکٹیویٹ نہیں ہونے دیں گے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارا کپتان آ رہا ہے، یہ ریلیاں ویلکم عمران ریلیوں میں تبدیل ہو جائیں گی، بے شرمو کہاں ڈوب گئے ہو، کبھی ٹریکٹر پر مارچ کبھی کچھ، بلو رانی کہاں ہو سب مہنگا ہوگیا اب مہنگائی کسی کو نظر نہیں، حیدرآباد نے ریفرنڈم کر دیا ہے، سندھ حکومت میں کسی منسٹر، زداری کی اتنی اوقات نہیں کہ عمران خان کو چیلنج کر سکے۔