لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی عام انتخابات کا مطالبہ کر رہا ہے، قوم کی قسمت چوروں اور لٹیروں کے ہاتھوں برباد نہیں ہونے دیں گے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر کی زیر صدارت تحریک انصاف کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس ہوا جس میں عندلیب عباس، شنیلاعلی، میاں شکیل زمان، شنیلا روت، وسیم رامے، چودھری عبدالغفور پپو، میاں تنویر، سعدیہ سہیل، رخسانہ نوید، نوشین حامد اور شیخ امتیاز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور پاکستان تحریک انصاف کی مستقبل بارے حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا، گورننگ باڈی کے ممبران نے مستقبل کی حکمت عملی بارے رپورٹ پیش کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی قوم کی خاطر اپنی ہر چیز قربان کر دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، امپورٹڈ حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے وہ وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہی ہے، ملک دشمن عناصر پاکستان تحریک انصاف کو دیوار کے ساتھ نہیں لگا پائیں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو بیرونی سازش کے تحت پاکستانی قوم پر مسلط کیا گیا ہے، سارا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، تحریک انصاف اقتدار میں دوبارہ آئے گی اور چوروں کا کڑا احتساب کرے گی، خلائی مخلوق کی پیداوار شہباز شریف کو عمران خان پر انگلی اٹھاتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔
صوبائی وزیر و صدر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت پنجاب آفس میں پارٹی رہنماٶں کا اہم اجلاس pic.twitter.com/jsHbnlpWSp
— PTI (@PTIofficial) January 6, 2023
تحریک انصاف کی سینئر رہنما نے مزید کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ شریف خاندان بوٹ پالش کرنے میں ماہر ہے، ہم جانتے ہیں کس ڈیل کے تحت شریف خاندان اپنے کرپشن کیسز ختم کروا رہا ہے، عمران خان قوم کے مجرموں کو عوام کے کٹہرے میں لاکر چھوڑیں گے، ہم پاکستان کی بھاگ دوڑ چوروں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے۔