جنیوا کانفرنس میں بلاول زرداری نے کامیاب سفارتکاری کی: فیصل کریم کنڈی

Published On 10 January,2023 05:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے بغیر کسی وجہ 8 لاکھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ بند کر دیئے تھے، جن کے ساتھ زیادتی ان کے کارڈ کو کھولیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تخفیف غربت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کو جنیوا کانفرنس میں تاریخی کامیابی ملی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کامیاب سفارتکاری کی، پاکستان سے 9 ارب ڈالر سے زائد امداد کے وعدے کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدد کرنے والے مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے شکر گزار ہیں، بڑی کامیابی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں آج بھی پانی کھڑا ہے۔