اسلام آباد: (دنیا نیوز) روس سے خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی خریداری کے سلسلہ میں روس اور پاکستان کے مابین مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا، روسی وفد نے تیل اور گیس کی فراہمی سے متعلق پیشکش دے دی۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں روس اور پاکستان کے ماہرین نے مذاکرات کیے، روسی وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر رشین اقتصادی امور اسرافیل علی زادے نے کی، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری اقتصادی امورکاظم نیاز نے کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل سیشن میں دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں سے متعلق اعداد و شمار کا تبادلہ کیا، روس سے تیل اور گیس کی درآمدی قیمت سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں، تیل اور گیس کے قلیل المدتی، درمیانی مدت اور طویل المدتی روڈ میپ تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وفد نے تیل اور گیس کی فراہمی سے متعلق پیش کش دے دی، وفد نے کہا کہ روس پاکستان کی توانائی کی ضروریات پورا کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے ملک میں تیل اور گیس کی رسد اور طلب کا ڈیٹا فراہم کیا، تیل اور گیس کن شرائط، قیمت اور مقدار میں فراہم کیا جا سکتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان حتمی ورکنگ پیپر تیار کرنے پر اتفاق ہوا، انٹر گورنمنٹل مذاکرات میں ادائیگیوں اور شپنگ کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں کے وفود کی تکنیکی معلومات کل کے مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔
روس اور پاکستان کے درمیان کل وزرا کی سطع پر مذاکرات ہوں گے، دنوں ممالک کے وزرا ٹیکنیکل معلومات پر حتمی نتائج پر پہنچیں گے، تیل اور گیس کی خرید و فروخت سے متعلق کل ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، طویل المدتی ایل این جی معاہدے نارتھ ساؤتھ گیس منصوبے پر بھی پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔