مستحقین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شمولیت کیلئے جلد بھرپور سروے کیا جائیگا، فیصل کریم کنڈی

Published On 21 January,2023 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تخفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کیلئے جلد ایک بھرپور سروے کیا جائے گا۔

ریڈیو پاکستان کے پروگرام ہاٹ لائن میں فون کرنے والوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے تقریباً 800,000 افراد کوبی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی فہرست سے نکال دیا تھا اور اب ہم مستحق افراد کو دوبارہ شامل کرنے کے فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سروے میں حصہ لیں تاکہ کوئی بھی حقیقی مستحق خاتون پیچھے نہ رہ جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 87 لاکھ مستحقین کے لیے 55 ارب روپے جاری کیے ہیں، اس کے علاوہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف کی دو قسطیں جاری کی گئی ہیں، پرائمری کلاس کے طلبا بشمول لڑکے اور لڑکیوں کو بالترتیب 1500 روپے اور 2000 روپے تعلیمی وظیفہ دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنیوا کانفرنس میں بلاول زرداری نے کامیاب سفارتکاری کی: فیصل کریم کنڈی

ایک فون کرنے والے کو جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے مستحقین کے کارڈز بلاک کر دیے گئے تھے لیکن اب ہم اس معاملے پر غور کر رہے ہیں، ہم فائدہ اٹھانے والے کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی کا ایک نیا طریقہ متعارف کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام کو مستحقین کی شکایات کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بی آئی ایس پی کے 28 لاکھ مستحقین میں 70 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، سیلاب سے متاثرہ بی آئی ایس پی کے 2.8 ملین مستحقین کے ہر خاندان کو 25 ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے بینر تلے راشن، ادویات اور خوراک سمیت مختلف قسم کی امداد بھی فراہم کی گئی ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی وجہ سے غربت میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے بہت سارے ممبران عمران خان سے نجات چاہتے ہیں: فیصل کریم کنڈی

پاکستان بھر سے لوگوں نے بی آئی ایس پی سے متعلق اپنے مسائل پر تبادلہ خیال اور ان کے حل کے لیے ریڈیو پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، انہوں نے پروگرام کو سراہا اور ان کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔