اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بزنس ٹو بزنس خاص طور پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
میریڈیئن انٹرنیشنل سینٹر کے دورہ کے موقع پر چیف ایگزیکٹو افسر اور سابق امریکی سفیر سٹورٹ ہالیڈے سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور آنے والے سالوں میں دوطرفہ تجارت مزید بڑھے گی، پاک امریکا تعلقات کا موجودہ مرحلہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر مرکوز ہے۔
مسعود خان نے مزید کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطح کے دوروں میں ہم نے تجارت، زراعت، کاروبار، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، سبز توانائی، آفات سے نمٹنے کی تیاری، ماحولیات، صحت اور عوام کے عوام سے درمیان روابط کے شعبوں کو ترجیح دی ہے۔
میریڈیئن انٹرنیشنل سینٹر کے سربراہ نے یقین دلایا کہ ہمارا سنٹر پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیم، قیادت کے تربیتی پروگرام، موسمیاتی تبدیلی، ثقافت اور کاروبار کے شعبوں میں قریبی تعلقات کو فروغ دینے میں معاونت کرے گا، میریڈیئن انٹرنیشنل سینٹر ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جو موثر قیادت اور سفارت کاری کے ذریعے عالمی سلامتی اور خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سفیر مسعود خان کی امریکی صدر سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
یہ ادارہ عالمی قیادت کے تبادلے اور تعلیمی پروگراموں، شراکت داریوں اور اقدامات تشکیل دیتا ہے جو سکیورٹی، توانائی اور ماحولیات، اقتصادی ترقی، کاروبار، عالمی صحت اور ثقافت پر بین الاقوامی تعاون جیسے اہم شعبوں کو مضبوط بناتے ہیں۔
مسعود خان نے کہا کہ پچھلے سال کے دوران پاکستانی طلبا، پیشہ ور افراد اور ماہرین کے متعدد وفود نے امریکا کا دورہ کیا تھا، ہم نے ایک طویل عرصے سے پاک امریکا تعلقات کے فروغ میں پل کا کردار کیا ہے، ہم پاکستان آنے والے مزید امریکی طلبا، ماہرین تعلیم اور کاروباری شخصیات کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے سفیر ہالیڈے کی طرف سے دونوں ممالک کے شاندار ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے باقاعدہ ثقافتی تبادلوں کی تجویز کا خیرمقدم کیا، انہوں نے مشترکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سفارت کاری، قیادت اور ثقافت کے ذریعے امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مرکز کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔