نوشہرہ: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کا جنازہ نکالنے والے موجودہ حکمران ملک کو سیاسی تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں۔
نوشہرہ میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا ہے، پی ڈی ایم حکومت کی وجہ سے ملک سیاسی، معاشی، اقتصادی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے، ملک عدم استحکام کی بنا پر عالمی برادری پاکستان کو قرضہ دینے سے ہچکچا رہی ہے۔
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے مزید کہا کہ شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کو ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نظر نہیں آتی، ملک کے سیاسی بحران کا واحد حل شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ہیں، کارکنان عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔