لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا جواب دینے کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکمت عملی تیار کر لی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کے بعد انتخابی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں سے اجازت ملنے کے بعد خود حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے میدان میں اتروں گا، چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق انتخابی مہم میں رجیم چینج کے ساتھ مہنگائی کو ایشو بنایا جائے گا، ملک کو بدترین معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے پی ٹی آئی کے چیئرمین قوم کو روڈ میپ بھی دیں گے، اکنامک ٹیم کو معاشی بحران سے نکلنے کیلئے تجاویز تیار کرنے، سوشل میڈیا ٹیم کو حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کو ایشو بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔
عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 70 ارکان کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد اسد قیصر کی قیادت میں دیگر رہنماؤں کو باقی استعفوں کی منظوری کیلئے بھی ٹاسک دے دیا، انتخابات سے پہلے تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچنا چاہئے،عمران خان نے پارٹی کو الیکشن کراؤ ملک بچاؤ اور ڈور ٹو ڈور مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔