الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے دشمن کو نگران وزیر اعلیٰ منتخب کیا: عمران خان

Published On 22 January,2023 11:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ایک دشمن کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر منتخب کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس اپنے امپائرز کو منتخب کرنے کی تاریخ ہے لیکن یہ ناقابل یقین ہے کہ کس طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے ایک دشمن کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر منتخب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ مقرر کر دیا

سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کا عہدہ ایک غیر جانبدار شخص کیلئے ہے، محسن نقوی نے نیب کے ساتھ رضاکارانہ واپسی کا معاہدہ بھی کیا، سپریم کورٹ نے سوموٹو کیس نمبر 17/2016 میں ایک کیس میں قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا رضا کارانہ واپسی پر کوئی شخص وفاقی یا صوبائی سطح پر اور نہ ہی کسی ریاستی تنظیم میں عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا، الیکشن کمیشن نے پاکستان کو بنانا ریپبلک بنانے، ہماری جمہوریت کو مذاق بنانے میں مدد کی ہے، میں کل پریس کانفرنس میں اس پورے فسانے کو بے نقاب کروں گا۔