لاہور: (دنیا نیوز) سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن نےایک اور کارروائی کرتے ہوئے محمد خان بھٹی کو بیرون ملک فرار سے روکنے کیلئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو خط لکھ دیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو لکھے گئے خط کی کاپی ڈی جی ایف آئی اے کو بھی بھجوا دی، اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کے خلاف کروڑوں روپے رشوت لینے پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
اینٹی کرپشن نے محکمہ داخلہ پنجاب اور ایف آئی اے کو خط میں لکھا ہے کہ تفتیش سے بچنے کیلئے محمد خان بھٹی کے ملک سے فرار ہونے کا قوی امکان ہے، اینٹی کرپشن نے گرفتار ملزم ایس ڈی او محکمہ ہائی وے رانا محمد اقبال کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
تفتیشی ٹیم نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے حسنین خالد کی وساطت سے ہیڈ کوارٹرز کو محمد خان بھٹی اور ایس ڈی او رانا محمد اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نمبرز ہوم ڈیپارٹمنٹ اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھجوا دیئے۔
اینٹی کرپشن نے خط میں لکھا کہ محکمہ داخلہ پنجاب محمد خان بھٹی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈلوانے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ سے فی الفور رجوع کرے۔