لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام صرف انتخابات سے آئے گا، معیشت کا بحران سیاسی بحران کے ساتھ ساتھ چل رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ استحکام لوگوں کوغدار، پکڑ، دھکڑ، الیکشن میں تاخیر سے نہیں آئے گا، ملک میں اس وقت مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے، روپے کی قدر 80 سے 90 روپے کم ہوئی ہے، ابھی مزید مہنگائی ہوگی۔
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان میں موجود ہے، آئی ایم ایف پروگرام جون میں ختم ہو گا، نئے پروگرام کو منتخب حکومت ہی شروع کرے گی، آج ہمارے ملک میں ڈالر 270 سے تجاوز کر چکا ہے، آپ نے یہ دیکھنا ہے زیادہ نقصان یا کم نقصان کر کے الیکشن کروانا ہے۔