کراچی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین سے گھروں کا وعدہ کیا تھا وہ 3 سال کے اندر پورا کروں گا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیلاب جیسی قدرتی آفت قیامت سے پہلے قیامت ہے، سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد پاکستانی متاثر ہوئے، عالمی اداروں نے توقعات سے بڑھ کر مدد کی، یو این سیکرٹری جنرل کی خصوصی کوششوں کے مشکور ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جہاں جہاں سیلابی پانی جمع ہوا وہاں صحت پر بھی خطرات ہیں، غریب لوگوں کو وسائل دے کر خود مختار بنانا چاہتے ہیں، سیلاب کے بعد زراعت اور دیگر بحرانوں کا سامنا ہے، سیلاب متاثرین سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں گے، بھرپور تعاون پر ورلڈ بینک کے بھی شکر گزار ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا پاکستان کے عوام آج تک سیلاب کے باعث مشکل میں ہیں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ آگے بڑھ کر مدد کریں، ایک بار پھر بزنس کمیونٹی کا دھیان سیلاب متاثرین کی طرف لانا پڑے گا، ہم ٹوٹے ہوئے گھروں کو بنائیں گے، مالکانہ حقوق فراہم کریں گے، زراعت کے منصوبوں میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے تعلیمی اداروں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، پاکستان کبھی اس قسم کی مشکلات سے نہیں گزرا، ہمارے مسائل اور مشکلات بہت زیادہ ہیں، جو ہمارے سامنے امتحان اور مشکلات ہیں ان کا حل ہمارے پاس ہے، غریب طبقے کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا آئی ایم ایف اور وزیر خزانہ کے درمیان مذاکرات چل رہے ہیں، ہمارا وفاق اور آئی ایم ایف سے مطالبہ ہے کہ سیلاب متاثرین کا خیال رکھیں، آئی ایم ایف کی ذمہ داری ہے کہ سیلاب متاثرین کو بھی تحفظ دلائے، امید ہے آئی ایم ایف سے بات چیت مثبت رہے گی، جو بھی ضروریات ہیں وہ پوری ہوں گی، اس وقت ملک میں بھی معاشی اور سیاسی بحران چل رہا ہے۔