لاہور: (دنیا نیوز) معروف شاعر، ادیب و ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
امجد اسلام امجد کی نماز جنازہ ڈاکٹر سرفراز احمد اعوان نے پڑھائی، نماز جنازہ میں انور مقصود، مستنصر حسین تارڑ، وصی شاہ اور مجیب الرحمان شامی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
امجد اسلام امجد جمعہ کے روز 78 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد کی حیثیت سے شہرت حاصل کرنے والے امجد اسلام امجد 4 اگست 1944ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1964ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے (اردو) کا امتحان پاس کیا اور درس وتدریس کے شعبہ سے منسلک ہوگئے۔
اگست 1975ء میں امجد اسلام امجد کو پنجاب آرٹ کونسل کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا، انہوں نے ’اردو سائنس بورڈ‘ اور ’چلڈرن لائبریری کمپلیکس‘ سمیت متعدد سرکاری اداروں میں سرکردہ عہدوں پر ذمے داریاں نبھائیں۔
ریڈیو پاکستان سے بطور ڈرامہ نگار چند سال وابستہ رہنے کے بعد امجد اسلام امجد نے پی ٹی وی کیلئے کئی سیریلز لکھیں جن میں برزخ، عکس، ساتواں در، فشار، ذرا پھر سے کہنا (شعری مجموعے)، وارث، دہلیز (ڈرامے)، آنکھوں میں تیرے سپنے (گیت)، شہر در شہر (سفرنامہ)، پھریوں ہوا، سمندر، رات، وقت، اپنے لوگ اور یہیں کہیں شامل ہیں۔
امجد اسلام امجد کا شعری مجموعہ برزخ اورجدید عربی نظموں کے تراجم عکس کے نام سے شائع ہوئے، افریقی شعراء کی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی روشن نظمیں کے نام سے شائع ہوا۔
مزید برآں تنقیدی مضامین کی ایک کتاب ’تاثرات‘ بھی امجد اسلام امجد کی تصنیف ہے۔
امجد اسلام امجد کی نظم و نثر میں 40 سے زیادہ کتابیں زیور طبع سے آراستہ ہو چکی ہیں جبکہ وہ اپنی ادبی خدمات کے بدلے میں ’صدارتی تمغۂ حسن کارکردگی‘ اور ’ستارہ امتیاز‘ کے علاوہ 5 مرتبہ ٹیلی وژن کے بہترین رائٹر، 16 گریجویٹ ایوارڈ اور دیگر متعدد ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔
امجد اسلام امجد کے انتقال پر وزیراعظم ، صدر سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی نے معروف شاعر، ادیب اور ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، صدر علوی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امجد اسلام امجد کے اشعار کے ساتھ لکھا کہ ہمارے عظیم شاعر، ڈرامہ نگار انتقال کرگئے ہیں۔
Amjad Islam Amjad our great playwriter, dramatist & poet has passed away.
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) February 10, 2023
إنا لله وإنا إليه راجعون
وہ اپنے بارے میں کیا خوب کہ گئے کہ :
اگر کبھی میری یاد آئے
تو چاند راتوں کی نرم دلگیر روشنی میں
کسی ستارے کو دیکھ لینا،
گریز کرتی ہوا کی لہروں پہ ہاتھ رکھنا،
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج معروف شاعر اور دانشور امجد اسلام امجد کی وفات کی صورت میں اردو ادب کا ایک عظیم دور ختم ہو گیا۔
آج معروف شاعر اور دانشور امجد اسلام امجد کی وفات کی صورت میں اردو ادب کا ایک عظیم دور ختم ہوگیا۔ انہوں نےاپنے ڈراموں اور تصانیف کے ذریعے ایک نسل کی فکری آبیاری کی۔ ان کی شاعری کا ترنم ایک لمبے عرصے تک ہمارے کانوں میں رس گھولتا رہے گا۔ اللہ تعالی ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں۔ pic.twitter.com/scpkDwXNyj
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) February 10, 2023
وزارت اطلاعات و نشریات
وزارت اطلاعات و نشریات کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی امجد اسلام امجد کی وفاقت پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے پیغام میں لکھا کہ امجد اسلام امجد کو خوبصورت شاعری کی بدولت ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Renowned poet and drama writer Amjad Islam Amjad passed away in Lahore today.
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) February 10, 2023
He will forever be remember for his beautiful poetry.
وہ ترے نصیب کی بارشیں کسی اور چھت پہ برس گئیں
دل بے خبر مری بات سن اسے بھول جا اسے بھول جا pic.twitter.com/rtwImlBvst