معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی آج پانچویں برسی منائی گئی

Published On 11 February,2023 06:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مظلوموں اور بے سہاروں کی آواز، معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی 5 ویں برسی آج منائی گئی۔

پاکستان میں ہیومن رائٹس کمیشن کی سربراہ اور معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر 30 سال تک ظلم، نا انصافی اور انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے صدائے حق بلند کرتی رہیں۔

عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا اور پاکستان میں پریکٹس کا آغاز کیا۔ خواتین کے حق میں آواز اٹھانا ان کی پہچان بنا۔

معروف قانون دان نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور نظام عدل کی بہتری کیلئے کام کیا اور مشرف دور میں عدلیہ بحالی تحریک میں بھی فعال کردار ادا کیا، حقوق آرڈیننس ہو یا مزدوروں کے حقوق کی بات یا پھر خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ زیادتی کا معاملہ وہ ہر محاذ پر ہراول دستے کی صورت میں نظر آئیں۔

عاصمہ جہانگیر سپریم کورٹ بار کی صدر بھی رہیں، وہ 11 فروری 2018ء کو برین ہیمبرج کے باعث دار فانی سے کوچ کر گئیں۔