لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو آج شام وزیر اعلیٰ آفس بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے مذاکرات کرے گی، حکومتی کمیٹی میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، بلال افضل اور سیکرٹری خوراک شامل ہوں گے۔
واضح رہے دو روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کیلئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے تھے، اس حوالے سے لاہور سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز مالکان کی گرفتاری کیلئے فہرست بھی تیار کر لی گئی تھی۔
حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملنگ انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فلور ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی حمایت کا اعلان کر چکی تھیں جبکہ گرفتاریوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا بھی امکان تھا۔