انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا اٹارنی جنرل، آئینی ماہرین سے مزید مشاورت کا فیصلہ

Published On 21 February,2023 02:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کروانے کے حوالے سے اہم اجلاس میں الیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل اور سینئر آئینی ماہرین سے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق بغیر کسی دباؤ کے فیصلہ کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا، الیکشن کمیشن ہر وقت آئین اور قانون کے تحت 90 دن میں الیکشن کروانے کیلئے تیار رہتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق آئین اور قانون میں کہیں بھی نہیں لکھا کہ الیکشن کی تاریخ کمیشن دے گا، مجاز اتھارٹی کی طرف سے تاریخ مقرر کرنے کے بعد کمیشن فوری طور پر شیڈول دے کر الیکشن کروانے کا پابند ہے۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اٹارنی جنرل اور دیگر قانونی ماہرین سے مزید رہنمائی لی جائے گی، اس ضمن میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کو کل دعوت دی گئی ہے جبکہ مشاورت کیلئے دو آئینی و قانونی ماہرین کا انتخاب بھی کیا جا رہا ہے۔