راجن پور: (دنیا نیوز) راجن پور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا،3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ضمنی الیکشن میں 11 امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا، پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور ن لیگ کے عمار لغاری میں زور کا جوڑ پڑے گا، پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیاہے۔
کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات ہونگے، رینجرز اور آرمی کے جوان بھی گشت کریں گے۔
راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
فواد چودھری
دوسری جانب سینئر رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جام پور میں بربریت عروج پر ہے لیکن پھر بھی الیکشن پی ٹی آئی نے جیتنا ہے۔
جام پورضمنی انتخابات میں پولیس اور جتھوں کا استعمال کر کے تحریک انصاف کے حمایتی بااثر لوگوں کی فصلوں پرٹریکٹر چلا دئیے گئے، درجنوں لوگ جعلی پرچوں میں اندر ہیں پورے پنجاب کی پولیس جام پور میں لگا دی گئ، بربریت عروج پر ہے لیکن پھر بھی الیکشن PTI نے جیتنا ہے #جام_پور_ضمنی_الیکشن
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 26, 2023
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے کہا کہ جام پور ضمنی انتخابات میں پولیس اور جتھوں کا استعمال کر کے تحریک انصاف کے حمایتی بااثر لوگوں کی فصلوں پرٹریکٹر چلا دیئے گئے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ درجنوں لوگ جعلی پرچوں میں اندر ہیں، پورے پنجاب کی پولیس جام پور میں لگا دی گئی ہے۔