اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گالیوں اورمنفی پراپیگنڈے سے پیدا ہونے والی ملک میں ڈپریشن کی صورتحال کو بہتر بنانے میں تعلیم یافتہ طبقہ اپنا کردار ادا کر سکتا ہے، دعوے سے کہتا ہوں پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہوگا۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) اسلام آباد کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کو بحال کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے، نامزدگیاں جمہوریت کی روح کے منافی ہوتی ہیں، عوام کی خدمت وہی لوگ کر سکتے ہیں جن کا انتخاب عوام کرتی ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ طب وہ عظیم شعبہ ہے جو انسانیت کی ہمہ وقت خدمت کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا ہے اور ڈاکٹرز انسانی زندگیاں بچاتے ہیں، پی ایم اے ڈاکٹروں کی ایک مؤثر تنظیم ہے، پاکستان ہمارے سروں پر ایک چھتری کی طرح ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے، ہمارے آپس میں جتنے بھی اختلافات کیوں نہ ہوں ہمیں اس ملک سے محبت کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستانی بڑے محنتی لوگ ہیں مگر یہاں سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ایسوسی ایشنز نہ صرف اپنے ارکان کا خیال رکھتی ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں، پی ایم ڈی سی کو بحال کرنے کا بلاول بھٹو زرداری نے جو وعدہ کیا تھا وہ ہم نے پورا کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ لوگوں کا صحت مند رہنا اور ان کا ہر قسم کے ذہنی دباؤ سے آزاد رہنا بہت ضروری ہے، اس کے لیے ہم ان کے ساتھ مل کر کردار ادا کریں گے، ہمیں ہر قسم کے پروپیگنڈے سے دور رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا، میں دعوے سے کہتا ہوں کہ پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہو گا، ملک میں ڈپریشن کی صورتحال کو دور کرنے کی ضرورت ہے، یہ اسی صورت میں ممکن ہو گا جب ہم ملک کی اچھی اچھی باتیں عوام تک پہنچائیں گے۔