ہم نے عمران خان جیسے بزدل کا نہیں مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے: شازیہ مری

Published On 04 March,2023 04:37 pm

مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شازیہ مری نے خان گڑھ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بے نظیر ڈائنامک رجسٹری سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شازیہ مری نے کہا کہ حکومت نے بے نظیر کفالت کی اگلی قسط کیلئے 78 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی ہے اور سالانہ بجٹ 252 ارب روپے ہے، ہم یہیں پیدا ہوئے، یہیں جیئیں گے اور یہیں مریں گے، میرا بچہ انگلستان کی ہوائیں کھائے اور وسیب کا بچہ گرمی میں جلے ایسا نہیں ہو سکتا، سلیکٹ کرکے مسلط کرنے کے کئی تجربے ہو چکے ہیں۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ ایک پاگل شخص اقتدار میں آنے کیلئے بے چین ہے، تم تو کہتے تھے خودکشی کر لوں گا تم نے تو بدترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام سائن کر لیا، 6، 6 نشستوں پر نیازی الیکشن تو لڑتا ہے لیکن اسمبلی نہیں جاتا، پچھلی حکومت کے برے فیصلوں سے مہنگائی ہوئی جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، موجودہ حکومت نے مہنگائی کے دنوں میں بھی ریلیف پروگرام دئیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے 70 ارب روپے کی رقم دی، سہ ماہی قسط 25 فیصد زیادہ دی جا رہی ہے، جن حالات میں ملک کو سنبھالا ان  سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران نیازی تمہیں کرسی مل جائے گی لیکن پہلے ملک کے استحکام کا سوچو، جب عدالتوں پر حملے ہوں گے تو کون اس ملک میں آئے گا، پیپلز پارٹی ہمیشہ الیکشن کے موڈ میں ہوتی ہے، الیکشن آئین کا تقاضا ہے۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور ہمیں عوام کے نبض پر ہاتھ رکھ کر ان کی تکلیف سمجھنی ہے، کچھ لاڈلے سلیکٹ ہو کر آ جاتے ہیں، ان کو سروکار ہی نہیں ملک میں کیا ہو رہا ہے، 4 سال ہیلی کاپٹر کے مزے لیے، اب تو عوام کی جان چھوڑ دو، ہمیں تم جیسے بزدل کا مقابلہ نہیں کرنا بلکہ مہنگائی اور بیروز گاری کا مقابلہ کرنا ہے، اس ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔