اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات ایک ہی دن کروانے کیلئے مل بیٹھنے کا مشورہ دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی جو بھی تاریخ دے گا ہم خیر مقدم کریں گے، میں بطور سپیکر چاہوں گا کہ جمہوری عمل اور جمہوریت کا پہیہ چلتا رہے، وقت پر اور آئین و قانون کے مطابق انتخابات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس میں مشکلات ہوں تو اتفاق رائے کے ساتھ بیٹھ کر مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے، انتخابات کے بعد کی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے بہتر ہے کہ آج مل بیٹھ کر فیصلہ کرلیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کےانتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔