اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ گریبان پکڑنے سےکام نہیں ہوا تو عمران خان پاؤں پکڑنے پر آ گئے۔
عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ گریبان پکڑنے سے کام نہیں ہوا تو عمران خان پاؤں پکڑنے پر آگئے ہیں، 10 ماہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے اب کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سےکوئی لڑائی نہیں، دھونس دھمکی اور بلیک میلنگ کی حکمت عملی ناکام ہونے کے بعد عمران خان نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ کی منت سماجت شروع کردی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اداروں اور امریکا پر الزامات لگانے والے عمران خان انتخابات سے پہلے امریکا سے "خوشگوار" تعلقات جبکہ اسٹیبلشمنٹ سے "بات" کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ سیاست نہیں منافقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نئے آرمی چیف کو بات چیت کی نہیں بلکہ اقتدار میں لانے کی درخواست اور منت سماجت کر رہے ہیں، تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی بے ساکھیاں چاہئیں۔