اسحاق ڈار کے زیر صدارت پاسپورٹ دفاتر کے قیام سے متعلق اجلاس

Published On 06 March,2023 09:59 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان کے دور دراز علاقوں میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام بارے اجلاس ہوا۔

فنانس ڈویژن میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری خزانہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور خزانہ، نادرا اور پاسپورٹ آفس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حج پالیسی 2023ء کی منظوری دے دی

اجلاس کو پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا اور ملک اور بیرون ملک پاسپورٹ آفس کے موجودہ سیٹ اپ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 45 لاکھ پاسپورٹ کے اجراء سے 26 ارب روپے سے زائد قومی خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں پاکستان کے باقی اضلاع میں نادرا کے تعاون سے پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز اور موبائل رجسٹر گاڑیوں کے قیام پر بھی غور کیا گیا تاکہ عام آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور خدمات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس وصولی میں 18 فیصد اضافہ ہوا، اسحاق ڈار

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت محدود وسائل اور مالی چیلنجوں کے باوجود تمام شعبوں میں آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں پاسپورٹ پروسیسنگ کائونٹر سینٹرز کے قیام کے لیے وزارت داخلہ کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
 

Advertisement