لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصو صی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان ایک بزدل شخص ہے جو گرفتاری کے ڈر سے چھپا بیٹھا ہے، گرفتاری کے احکامات عدالت نے جاری کئے ہیں، ملک میں دوہرا نظام عدل چل نہیں سکتا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ یہ ایسا نام نہاد لیڈر ہے جو جلسوں اور ریلیوں کیلئے نہیں عدالت جانے کیلئے بیمار ہو جاتا ہے، عدالتی وارنٹ کے باوجود قومی لیڈر ہونے کا دعویدار عمران خان گرفتاری سے بچنے کے لیے زمین و آسمان ایک کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جگہ غیرت والا شخص ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا: نواز شریف
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری پارٹی نے جیلیں کاٹیں اور ناکردہ گناہوں کی سزا بھگتی ہے، عمران خان اس وقت چوہوں کی طرح چھپا ہوا ہے کہ کہیں گرفتار نہ ہو جاؤں، زمان پارک میں اسلام آباد کے پولیس افسر کو زخمی کرنا قابل مذمت ہے جبکہ زمان پارک میں گلگت بلتستان کی پولیس کا ہونا مناسب بات نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فتنے کا ایسا علاج کریں گے کہ ملک کو نجات مل جائے گی: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان عدالتی کارروائی کا سامنا کریں، اگر یہی وارنٹ میرے ہوتے تو اب تک گرفتار کر لیا گیا ہوتا، پوری قوم نے دیکھا کہ عمران خان ایک بزدل آدمی ہے، یہ فیصلہ ہو جانا چاہیے کہ رٹ آف دی سٹیٹ رہنی ہے کہ نہیں، اگر یہ مثال اس ملک میں بن گئی تو ہر مجرم اسی طرح اپنا دفاع کرے گا۔