الیکشن کمیشن کسی کا آلہ کار بننے کی پالیسی سے باز آجائے، حافظ نعیم الرحمان

Published On 17 March,2023 09:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے، الیکشن کمیشن کسی کا آلہ کار بننے کی پالیسی سے باز آ جائے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گیارہ یوسیز کے انتخابات کیلئے بھر پور مہم چلائیں گے، انتخابات میں حصہ لیں گے اور کامیابی بھی حاصل کریں گے، الیکشن کمیشن نے 18 اپریل کو 11 یوسیز میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو خط لکھیں گے کہ انتخابات 18 اپریل کے بجائے 16 اپریل اتوار کے روز کروائے جائیں، ہم اپنے ایک ایک ووٹ کا، ایک ایک وارڈ اور یوسی کا تحفظ کریں گے۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے جماعت اسلامی کے نمائندے الیکشن کی تیاری کریں، جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں شہر کی بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، یہ ہماری کامیابی ہے کہ انتخابات ہوئے، جماعت اسلامی نے پیچھے لگ کر یہ کام کروایا ہے۔