اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں امیدواروں کی اپیلوں کیلئے ہائیکورٹ کے 10 اپیلٹ ٹریبیونل قائم کر دئیے۔
پنجاب میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کی اپیلوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل تشکیل دئیے گئے ہیں، ہائیکورٹ کے 10 اپیلٹ ٹریبیونل کاغذات نامزدگی کے منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کریں گے۔
جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل ٹریبونل لاہور ڈویژن کے امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس بلال حسن پر مشتمل ٹریبیونل مخصوص نشستوں پر دائر اعتراض پر اپیلوں کو دیکھے گا، جسٹس شاہد بلال حسن کا ٹریبیونل اقلیتی امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
جسٹس عابد عزیز پر مشتمل ٹریبیونل سرگودھا اور فیصل ڈویژن کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس شہرام سرور چودھری گوجرانوالہ ڈویژن کی اپیلوں پر سماعت کریں گے جبکہ جسٹس صادق محمد خرم پر مشتمل ٹریبیونل رحیم یارخان ڈویژن کے امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔