اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آج سے آئندہ 4 روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد اور کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، قلات، خضدار، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، سبی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، نوشہرہ، مردان، وزیرستان اور باجوڑ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔