اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہو گیا جس میں حکومت نے عدالتی اصلاحات کے لیے فوری طور پر قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے ازخود نوٹس کے خلاف اپیل کے حق سے متعلق قانون سازی کی جائے گی، جس کے بعد چیف جسٹس ازخود نوٹس کا اختیار تنہا استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئین کا سنگین مذاق، عدلیہ کے اختیارات کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، وزیراعظم
ازخود نوٹس لینے کا اختیار فل کورٹ کو دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا، حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے بینچ تشکیل دینے کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے پر بھی غور ہو گا۔
حکومت اس ضمن میں قانون سازی کر کے ازخود نوٹس کے اختیار کو ریگولیٹ کرے گی جس کی وفاقی کابینہ سے آج منظوری لی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ سے منظوری کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 اپریل کو طلب رکھا ہے وہاں یہ معاملہ پیش کر دیا جائے گا۔