لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ قتل اور جلاؤ گھیراؤ سمیت 10 مقدمات کی تحقیقات کے لئے قائم جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چودھری سمیت 11 نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کو چیلنج کیا۔
عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے اپنے وکیل سکندر ذوالقرنین اور ظفر اقبال منگن کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں پنجاب حکومت اور صوبائی وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے عمران خان سمیت 11 رہنماؤں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد 10 مقدمات درج کیے، ان مقدمات کی تحقیقات کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہوم سیکرٹری پنجاب نے جے آئی ٹی بنا دی۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں کن مقدمات کی تحقیقات ہو رہی ہیں مکمل تفصیلات سے لاعلم ہیں، ظل شاہ سمیت دیگر مقدمات بے بنیاد بنائے گئے، ہمارے پاس ظل شاہ قتل سمیت دیگر مقدمات کے تمام شواہد، ثبوت اور گواہ موجود ہیں۔
درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ میں استدعا کی ہے کہ عدالت جے آئی ٹی کی تشکیل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔