کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں جاری ساتویں مردم شماری میں 5 روز کی توسیع کے بعد کراچی کی آبادی میں 10 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ادارہ شماریات سندھ منور علی گھانگرو نے بتایا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ کی آبادی 5 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ہے جس میں حیدرآباد ڈویژن کی آبادی 3 لاکھ اضافے کے ساتھ ایک کروڑ 12 لاکھ ہو گئی ہے جبکہ کراچی ڈویژن کی اب تک کی آبادی 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ کی آبادی 74 لاکھ سے زائد ہے، میرپور خاص کی آبادی 48 لاکھ سے زائد ہے، شہید بینظیر آباد ڈویژن کی آبادی57 لاکھ سے زائد جبکہ سکھر ڈویژن کی آبادی 60 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں جاری ساتویں مردم شماری پر سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے پیش نظر مردم شماری کی تاریخ 10 اپریل سے 15 اپریل تک بڑھائی گئی تھی۔