کراچی : چڑیاگھر میں ہتھنی نورجہاں کی حالت تشویشناک، ڈاکٹرز کی ٹیم جلد پاکستان پہنچےگی

Published On 15 April,2023 02:57 pm

کراچی : (دنیا نیوز) کراچی کے چڑیاگھر میں ہتھنی نورجہاں کی حالت تشویشناک ہوگئی ، فورپاز انٹرنیشنل کی ٹیم جلد پاکستان پہنچے گی۔

کراچی کے چڑیا گھر کی بیمارہتھنی نورجہاں کا علاج بین الاقوامی این جی اوفورپاز کی ہدایت پرکیا جارہا ہے جبکہ کرین کی مدد سے ہتھنی کی پوزیشن بھی تبدیل کی گئی ہے اور چڑیا گھر کے ڈاکٹرزمختلف ادویات دے رہے ہیں۔

نورجہاں کی صحت سے متعلق ڈائریکٹر چڑیا گھرنے کہا کہ ہتھنی کی حالت تشویشناک ہونے پر فورپاز انٹرنیشنل کی ٹیم جلد پاکستان کیلئے روانہ ہوگی۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر چڑیا گھر کنور ایوب نے کہا ہے کہ اگلے 3 دن ہتھنی کی طبیعت کے حوالے سے اہم ہیں ، مقامی ڈاکٹرز ہتھنی کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں، ٹیم فورپاز کو ہتھنی کی صحت سے مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں خشک تالاب میں گر گئی

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز ہتھنی کو وٹامن کی ڈرپ لگا رہے ہیں تاکہ ہتھنی دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہتھنی نور جہاں خشک تالاب میں گر گئی تھی سے کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا تھا ۔