اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران حکومتوں کی مدت کے حوالے سے لکھا گیا خط وزیر اعظم شہباز شریف کو بھیج دیا۔
صدر عارف علوی نے وزیر اعظم کو بھیجے گئے خط میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نگران حکومتوں کے 90 دن سے زائد عرصے سے قیام کی قانونی حیثیت پر تشویش کا اظہار کیا، صدر نے وزیر اعظم سے ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کا استحکام یقینی بنانے کیلئے سابق وفاقی وزیر کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر غور کرنے کا کہا ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے صدر کو لکھے گئے خط میں دو صوبوں میں عبوری سیٹ اپ کی قانونی حیثیت کے حوالے سے مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عبوری حکومتوں نے اپنی مقررہ مدت پوری کر لی ہے۔
فواد چودھری نے لکھا تھا کہ آئین میں عبوری سیٹ اپ کی مقررہ مدت کو جاری رکھنے/ توسیع کا کوئی ذکر نہیں، نگران حکومتیں آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور دیانتدارانہ انداز میں انتخابات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے کیلئے متعارف کرائی گئیں۔